اترپردیش کے ضلع جونپور کے سرائے خواجہ علاقے کے مدیٹھی گاؤں میں بچوں کے ذریعہ بکری چَرانے کے سلسلے میں دو کمیونٹیز میں ہوئے پرتشدد جھڑپ میں دس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اس پرتشدد جھڑپ میں دس کچے مکانوں کو نذرآتش کردیا گیا، جس سے اس میں رکھا سامان جل کر خاک ہوگیا۔ اس میں تین بکریاں بھی جھلس کر مر گئیں۔
پولیس نے بدھ کو یہاں بتایا کہ سرائے خواجہ علاقے کے بدیٹھی گاؤں کی دلت بستی میں منگل کی دیر رات 9 بجے ایک مخصوص سماج کے کچھ لڑکوں کا دوسرے سماج کے لڑکوں سے بکریاں چَرانے کے سلسلے میں کچھ تنازعہ ہوگیا۔اور دیکھتے ہی دیکھتے مارپیٹ شروع ہوگئی۔
اس مارپیٹ میں دو گروپ کے تقریبا 10 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دنیش کمار سنگھ، سپرنٹندنٹ آف پولیس اشوک کمار اور سی اوسمیت کئی افسران موقع پر پہنچے۔ پورے گاؤں میں کثیر تعداد میں پولیس ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں پولیس نے 7 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دنیش کمار سنگھ نے بتایا کہ اس حادثے کے قصورواروں کے خلاف این ایس اے کے تحت کاروائی کی جائےگی۔