مئو میں سرکاری ہسپتالوں کی OPD میں عام مریضوں کا علاج شروع ہو گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کا اعلان ہوتے ہی سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے علاوہ کسی بھی مریض کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا تھا۔ اس وجہ سے دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو بے حد دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا خاص طور پر غریب طبقے کے مریضوں کے لیے علاج کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ سنگین امراض میں مبتلا غریب مریض بھی اپنا علاج کرانے سے محروم ہوگئے تھے۔ اور اب جب سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج شروع ہوگیا ہے تو خصوصاً غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو کافی راحت ملے گی'۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا وبا کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں کو کووڈ ۔19 کئر سنٹر میں تبدیل کر دیا گیا، جس سے عام مریضوں کو زبردست دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا سرکاری اسپتالوں میں اب OPD کھل گئی ہیں۔ عام مریض کثیر تعداد میں اپنا علاج کرانے ہسپتال آرہے ہیں۔ امراض طفل کے ماہرین کے مطابق ابھی بچوں کے علاج کے لیے لوگ برائے نام آ رہے ہیں۔ کیونکہ کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر یہی طبقہ ہے۔ عام آدمی کافی محتاط ہے اور اپنے بیمار بچوں کو سرکاری ہسپتالوں میں لانےسے گریز کررہے ہیں'۔
اب سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کئر وارڈ کو علیحدہ کر دیا گیا ہے۔ یہاں مشکوک افراد کی تھرمل اسکیننگ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد مریضوں کو مزید چیک اپ کے لیے کووڈ 19 کئیر سنٹرز بھیجا جا رہا ہے۔