اترپردیش کی بی جےپی حکومت کے خلاف ریاست کی تمام پارٹیاں مختلف انداز میں اپنی سیاسی لڑائی شروع کرچکے ہیں۔
سماجوادی پارٹی نے یوگی حکومت کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے ہلہ بول دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر نوئیڈا میں سماج وادی پارٹی نے 5 اگست کو سائیکل ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے امبیڈکر سٹی پارٹی آفس میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع صدر ریشپال اوانا نے کی اور نائب صدر وکاس یادو نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد 5 اگست کو سائیکل ریلی کو کامیاب بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوئیڈا: قومی و ریاستی خواتین کمیشن نے قانونی آگاہی کیمپ منعقد کیا
سماجوادی رہنما سنیل چودھری نے کہا کہ تمام کارکن پوری طاقت کے ساتھ سائیکل ریلی میں حصہ لیں گے اور مضبوطی کے ساتھ سائیکل ریلی کی قیادت کریں گے۔ ضلع صدر ریشپال اوانا نے کہا کوئی بھی کارکن گرفتاری سے خائف نہیں ہو، وہ اس ظالم حکومت کو عوام کے سامنے لاکر ہی دم لیں گے اور سائیکل ریلی کو کامیاب بناکر اکھلیش یادو کو مضبوط کریں گے۔
لوہیا واہنی کے صدر ببو یادو نے کہا کہ 'ہم کسی بھی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور سائیکل ریلی کو کامیاب بنائیں گے۔' نائب صدر اور ترجمان نور حسن نے کہا کہ کوئی ساتھی اس رات گھر پر نہ رہے اور کوشش کرے کہ گھر میں نظربند نہ ہو اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ہم سائیکل کے ساتھ جیل جائیں گے لیکن سائیکل ریلی نہیں رکنی چاہیے۔انھوں نے مزید کہا کہ عوام مخالف اور ظالم حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا اب وقت آگیا ہے۔