ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں سماجوادی پارٹی کی جانب سے یوپی بورڈ کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا کے اعزاز میں سابق ریاستی وزیر اروند سنگھ گوپ کی رہائش گاہ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اعزازی تقریب میں طلبا کے ساتھ انکے والدین اور اساتذہ کو بھی اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر حافظ عیاز کی صدارت میں منعقد اس اعزازیہ تقریب میں کل 22 طلبا نے شرکت کی جنھیں سند اور سائیکل دیکر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی.
یہ اعزازیہ تقریب سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کی ہدایت پر منعقد کی گئی تھی، اس موقع پر سابق ریاستی وزیر اروند سنگھ گوپ نے کہا کہ سماجوادی پارٹی ہمیشہ سے طلبا کے لیے فکر مند رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم حکومت میں تھے تو ہم نے طلبا کو مفت میں لیپ ٹاپ دینے کا کام کیا تھا اور طلبا کو مختلف اسکیم سے مستفید کرایا تھا۔
انہوں نے طلبہ کو یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں انہیں جس چیز کی بھی ضرورت ہوگی اسے سماجوادی پارٹی ضرور فراہم کرائے گی. انہوں نے کامیاب طلبا کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔