بہرائچ میں بنجر زمین پر مویشی چرانے کے الزام میں ایک شخص کا گاؤں والوں نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک کیا جانے والا شخص جس زمین پر مویشی چرا رہا تھا وہ بنجر تھی، پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کیا اور ضروری کاروائی شروع کی۔
ہلاک ہونے والے شخص کے بھائی علی احمد نے بتایا کہ حیدر علی اپنے مویشیوں کو ایک بنجر زمین پر چرانے کے لئے تقریباً 1 بجے گیا تھا جہاں پر کچھ لوگ اس زمین پر مویشیوں کو چرانے پر اعتراض کرتے ہوئے حیدر علی کی پٹائی شروع کردی اور شدید زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
اہل خانہ کو جب اس کی اطلاع ملی تو وہ حید رعلی کو ابتدائی صحت مرکز نانپارہ لے کر آئے جہاں حیدر علی کی حالت نازک دیکھ فوراً میڈیکل کالج بہرائچ منتقل کر دیا جہاں حیدر علی کا انتقال ہوگیا۔
ضلع پولیس کپتان بہرائچ ڈاکٹر وپن کمار مشرا کے مطابق کوتوالی نانپارہ کے تحت سنکلپا گاؤں کے حیدر علی کو دو فریقوں کے تصادم میں کافی چوٹیں آئیں جس کے سبب اس کی موت ہوگئی، متوفی کے بیٹے کی تحریر پر 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کی کاروائی شروع کر دی ہے وہیں جائے حادثہ سے 3 افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔