کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ہڑتالی ایمبولنس ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایمبولنس ڈرائیوروں پر پھول برسانے کی بات کرنے والی یوپی حکومت تنخواہ کا مطالبہ کرنے پر لاٹھیاں برسا رہی ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے جمعرات کو ٹوئٹ میں لکھا ’’یوپی میں کورونا بحران کے دوران حکومت ایمبولنس ملازمین پر پھولوں کی بارش کرنے کی بات کرتی تھی اور انہوں نے جیسے ہی اپنے حق کی آواز اٹھائی حکومت ان پر لاٹھیاں برسانے کی بات کررہی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت نے ایمسا کا اطلاق کرتے ہوئے 500سے زائد ملازمین کو برخواست کر دیا جس سے عوام پریشان ہیں۔ ایسی حکومت سے ریاست کو خدا بچائے۔‘‘
مزید پڑھیں: مراد آباد: کانگریس صوبائی سکریٹری کی یوگی حکومت پر تنقید
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تین دنوں سے یوپی میں 102 اور 108ایمبولنس کے ڈرائیور ہڑتال پر ہیں۔ حکومت کی سختی کے بعد ایمبولنس خدمات کو فراہم کرنے والی کمپنی نے احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہے۔