اتر پردیش کے ضلع بریلی کے رہنے والے ارمان عالم نے بھی اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے جو خواب دیکھے تھے آج انھوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدلتے ہوئے بھی دیکھا۔
ارمان اپنی دلہن کو وداع کرانے کے لیے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر بدایوں گئے اور وہاں سے دلہن کو پرواز کے ذریعے ہیلی کاپٹر سے وداع کرواکر بریلی لائے۔
دراصل شہر کے خوشبو کالونی کے رہنے والے ارمان عالم کا رشتہ ضلع بدایوں کے واودھو کے رہنے والے ظہور احمد کی بیٹی سے طے ہوا تھا۔
رئیس خاںدان سے تعلق رکھنے والے ارمان عالم کی خواہش تھی کہ وہ بارات ہیلی کاپٹر سے لے کر جائیں اور ان کی اس خواہش پر والدین بھی رضا مند ہو گئے اور ارمان کو ہیلی کاپٹر سے اپنی بارات لے جانے کی اجازت مل گئی۔
ارمان نے 'ایرو لاجک ایوی ایشن کمپنی' سے رابطہ کرکے ہیلی کاپٹر بُک کر لیا جس کے بعد 'ایرو لوجک ایوی ایشن کمپنی' کے ڈائریکٹر نے بریلی ضلع مجسٹریٹ سے رابطہ کرکے پولس لائن میں ہیلی کاپٹر لینڈ کرنے کی اجازت کے لیے درخواست دی۔
سٹی مجسٹریٹ نے پولیس لائن کے ہیلی پیڈ پر نجی ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ اور ٹیک آف کرنے کی درخواست پر ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کی۔
ایس پی سٹی نے طے شدہ کرایہ جمع کرانے کے بعد ہیلی کاپٹر کو پولیس لائن میں لینڈ اور ٹیک آف کیے جانے کی اجازت دے دی۔
اس کے بعد ارمان عالم ہیلی کاپٹر میں اپنے تین دیگر رشتہ دار کے ساتھ سوار ہوکر بدایوں پہنچے اور باقی باراتی دیگر گاڑیوں سے شادی میں شامل ہوئے۔
وہاں سے ارمان دلہن کو لیکر واپس بریلی آ گئے اس موقع پر دولہا ارمان اپنے ارمان پورے کرکے کافی خوش تھے اور دلہن کے رشتہ دار بھی بہت خوش نظر آئے۔