اترپردیش میں گذشتہ چار دنوں سے ہورہی موسلا دھار بارش نے بھاری تباہی مچائی ہے جبکہ بلیا جیل میں پانی بھر جانے سے قیدیوں کو اعظم گڑھ جیل میں منتقل کرنا پڑا ہے۔
بلیا جیل کے بیرک ،اسپتال، رہائش اور دفتر پانی میں ڈوب گئے ہیں اس لئے کل دیر رات قیدیوں کو اعظم گڑھ جیل بھیجنے کی کاروائی چلتی رہی۔ جیل سے پانی نکالنے کے لئے پمپنگ سیٹ لگائے گئے ہیں۔ بلیا جیل میں 3550 قیدی رہ سکتے ہیں لیکن وہاں اس وقت 900 سے زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں۔ ان میں 500 کو کل دیر رات تک اعظم گڑھ جیل بھیج دیا گیا۔ برسات نے مشرقی اترپردیش میں کافی تباہی مچائی ہے۔
برسات سے ریاست کے کئی اضلاع میں معمولات زندگی درہم برہم ہے۔ اس آفت کی بارش نے کئی زندگیاں ختم کردی ہیں۔گذشتہ چار دنوں میں اترپردیش میں تقریبا 90 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے لوگ جدوجہد کررہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی واپسی میں ابھی اور تأخیر ہوسکتی ہے۔ اترپردیش میں اتوار کو 14 افراد کی موت ہوئی گئی۔ اس سے پہلے سنیچر کو 25 اور جمعہ کو 18 افراد شدید بارش کی زد میں آخر ہلاک ہوگئے۔اس سے پہلے کے دنوں میں 36 افراد کی اموات ہوئی تھیں۔