ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں آشا ورکرس ضلع میں آشا اجلاس کرانے اور ان کی مختلف اسکیمات کی رقم ادائیگی کو لیکر متحرک ہو گئی ہیں۔
دوشنبے کو کثیر تعداد میں آشا ورکرس نے سی ایم او دفتر پر احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کا میمورنڈم دیا۔ آشا ورکرس نے انتباہ کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر غور نہیں کیا گیا تو وہ اپنا کام چھوڑ کر سی ایم دفتر پر ہی بیٹھی رہیں گی۔
احتجاج کرنے والے آشا ورکرز کا کہنا ہے کہ بہار انتخابات کے پیش نظر وہاں بڑی بڑی ریلیاں ہو رہی ہیں۔ اس کے علاوہ تمام کام ہو رہے ہیں، لیکن اکتوبر میں ہونے والا آشا اجلاس نہیں کرایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نئی نسل کو کشمیری تہذیب سے روشناس کرانے کی کوشش
ان کا کہنا ہے کہ آشا اجلاس میں بہتر کام کرنے والی آشا ورکر کا اعزاز کیا جاتا ہے اور اس کے لئے اچھی رقم بھی حکومت دیتی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ آشا اجلاس نہ کرا کر اس رقم کو خرد برد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آشا ورکرز کا یہ بھی الزام ہے کہ انہیں ماتر وندنا اسکیم کی بھی رقم ادائیگی نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی پولیو دیٹی کی رقم انہیں ادا کی گئی ہے۔ یہی نہیں کورونا کے لئے بھی 10 روز ان سے کام لیا گیا لیکن کوئی رقم ادا نہیں کی گئی ہے جبکہ دیگر ملازمین کو یہ رقم ادا کر دی گئی ہے۔
انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر غور نہیں کیا گیا تو وہ کام کرنا بند کر دیں گی۔