علاقہ اکہال سے آئے ہوئے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کے دفتر کے صحن میں محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے علاقے میں بجلی فراہم کرنے کی اپیل کی۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ دیوسر سے اکہال جانے والی سڑک پر مرمت کا کام شروع ہوتے ہی انکے گاؤں کی بجلی سپلائی متاثر ہوگئی۔
احتجاجیوں کے مطابق سڑک کی کشادگی اور مرمت کے دوران ایک بجلی ٹرانسفارمر کو عارضی طور ہٹایا گیا، تاہم مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد جب ٹرانسفارمر کو واپس اپنی جگہ لایا گیا تو نزدیکی گھر والے نے اس پر اعتراض کیا۔
انکا کہنا تھا کہ اسکے اعتراض کے سبب انکا علاقہ پچھلے ایک ماہ سے لگاتار بجلی سے محروم ہے۔
احتجاجیوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے محکمہ بجلی پر سستی اور غیر سنجیدگی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’محکمہ پی ڈی ڈی اس جانب غیر سنجیدہ ہے اور علاقے کی بجلی بحال کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔‘‘
احتجاجیوں نے علاقے میں جلد سے جلد بجلی کی فراہمی کو یقنی بنانے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ’’محکمہ پی ڈی ڈی ٹرانسفارمر کو چاہے پرانی یا نئی جگہ نصب کرے اس سے ہمیں کوئی غرض نہیں، بس ہمیں بجلی کی سپلائی بحال کی جائے۔‘‘
دریں اثناء احتجاجیوں کے مطابق ایک ماہ سے بجلی سے محروم ہونے کے باوجود انہیں محکمہ کی جانب سے بجلی کا بل موصول ہوا ہے۔