ریاست مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے لئے کچھ بھی ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔ ترنمول کانگریس میں ناراض رہنماؤں اور ارکان اسمبلی کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے مزید ناراض رہنماوں کی فہرست لمبی ہوتی جا رہی ہے۔ یکے کے بعد دیگرے ارکان اسمبلی پارٹی سے ناراض ہو کر سوشل میڈیا پر اپنی بھڑاس نکال رہے ہیں۔
کوچ بہار جنوب سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی مہیر گوسوامی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پارٹی کی سربراہ ممتابنرجی پر جم کر تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ میں آٹھ دن قبل پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے چکا ہوں لیکن اب تک سربراہ ممتابنرجی نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ ممتابنرجی کے رابطہ نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ پارٹی میں ان کی چل نہیں رہی ہے۔ پارٹی کی باگ ڈور کسی اور کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ' ہونا یہ چاہئے تھا کہ استعفیٰ دینے کے فورا بعد ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی رابطہ کرتی اور استعفی کی وجہ معلوم کرتی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں:
ترنمول کانگریس کے ایک اور رکن اسمبلی ناراض
ترنمول کانگریس کے باغی رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر اختلافات میں دن بہ دن اضافہ ہونے لگا ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے اختلاف کو دور کرنے کے بجائے اسے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف ترنمول کانگریس کے ضلع صدر عبدالرحمان رشید کا کہنا ہے کہ' رکن اسمبلی مہیر گوسوامی اپنے مستقبل کو لے کر فیصلہ کرنے کے لئے آزاد ہیں لیکن وہ جب تک پارٹی میں ہیں اس وقت تک کچھ بھی بولنے سے قبل خوب سوچ سمجھ کر بولیں'۔