مشہور زیارت گاہ فرفرہ شریف کے پیرزادہ عباس صدیقی نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی سے ہوئی ملاقات کو مثبت قرار دیا پیرزادہ عباس صدیقی نے کہا کہ' آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی تجربہ کار سیاسی رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ' مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اگر وہ قسمت آزمائیں گے تو انہوں نے سوچ سمجھ کر ہی فیصلہ کیا ہو گا کیونکہ وہ ایک تجربہ کار سیاست داں ہونے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو آگے بڑھنے کے لئے راہ ہموار بھی کرتے ہیں۔اسی وجہ سے انہوں نے فرفرہ شریف کے پیرزادہ کی قیادت میں اسمبلی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا۔
پیرزادہ عباس صدیقی نے کہا کہ' جب اسدالدین اویسی نے کہہ دیا ہےکہ فرفرہ شریف کے پیرزادہ کی قیادت میں وہ اسمبلی انتخابات لڑیں گے تو ہمیں بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔فرفرہ شریف کے پیرزادہ عباس صدیقی نے کہا کہ' بہت جلد ہی نئی پارٹی کے نام کا اعلان کیا جائے گا اور پوری طاقت کے ساتھ اسمبلی انتخابات لڑیں گے'۔
مزید پڑھیں: ملک کو دوبارہ چمپارن جیسے سانحے کا سامنا کرنا پڑے گا: راہل
انہوں نے کہاکہ نئی پارٹی کے رجسٹریشن کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔ کسی بھی دن پارٹی کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔