تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ کا حلف لینے کے بعد وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چند سخت فیصلے کئے اور لوگوں سے اس پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
ممتا بنرجی نے سکریٹریٹ بلڈنگ نبنو میں اعلیٰ حکام کے ساتھ میٹنگ کی اور ریاست میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات سے تمام لوکل ٹرین خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا۔ اگلی ہدایت تک سیالدہ اور ہوڑہ ڈویژن میں لوکل ٹرین خدمات بدستور معطل رہیں گی۔
مشرقی ریلوے نے بھی جمعرات سے غیر معینہ مدت کے لیے لوکل ٹرین خدمات معطل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نوٹیفکیشن مل چکا ہے۔ کل سے اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔'
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے خدمات کی معطلی ضروری تھی۔ لوگوں کی آمدورفت میں کمی آنے کے سبب کورونا کے نئے کیسز میں کمی آ سکتی ہے۔
غور طلب ہے کہ سیالدہ ہوڑہ ڈویژن میں ریلوے کے 1200 ملازمین کورونا مثبت پائے جانے کے بعد پہلے ٹرینوں کی خدمات کم کر دی گئی تھی۔
دوسری طرف میٹرو ٹرین سے متعلق بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ کولکاتا میٹرو چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری طرف گھریلو پروازیں بغیر اجازت بنگال کے کسی بھی ہوائی اڈے پر اتر نہیں سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ریاستوں سے آنے والے مسافروں کے لیے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دیاگیا ہے۔
اگرکوئی مسافر کورونا مثبت پایا جاتا ہے تو اسے کوارنٹائن کیا جائے گا۔ اس کی ذمہ داری ایئرپورٹ انتظامیہ پر ہو گی۔
دوسری ریاستوں سے آنے والے شہریوں کو آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کے بعد بنگال میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔