ریاست مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر اور وزیراعلی ممتا بنرجی کے درمیان لفظی جنگ اور ناخوشگوار تعلقات جگ ظاہر ہے۔ گورنر جگدیپ دھنکر اکثر و بیشتر وزیراعلی ممتا بنرجی اور ان کے وزراء پر تنقید کرتے رہتے ہیں اور اب تو یہ سلسلہ اور سنگین ہو چکا ہے۔
گورنر جگدیپ دھنکر نہ صرف وزیراعلی ممتا بنرجی اور ان کے وزراء کو بلکہ پوری پولیس انتظامیہ کو بھی ہدف تنقید بناتے رہے ہیں۔ اسی درمیان ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلی ممتا بنرجی نے راج بھون پنہچ کر گورنر جگدیپ دھنکر سے ملاقات کی۔ راج بھون میں ہونے والی یہ ملاقات سیاسی حلقوں میں موضوع بحث ہے۔
وزیراعلی ممتا بنرجی اور گورنر جگدیپ دھنکر کے درمیان کافی دیر تک بات چیت ہوئی۔لیکن ان دو اعلیٰ شخصیات کے درمیان کیا بات چیت ہوئی یہ منظر عام پر نہیں آ سکی ہے۔
قیاس آرائی ہے کہ گورنر جگدیپ دھنکر اور حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے درمیان ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ہوگا۔
مزید پڑھیں: متحد ہو کر کام کرنے سے ہی جیت ملے گی: ابھیشک بنرجی
واضح رہے کہ گورنر مغربی بنگال جگدیپ دھنکر نے وزیراعلی ممتا بنرجی کو ریاست میں لا اینڈ آرڈر اور سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں پر قابو پانے کے سلسلے میں راج بھون آنے کے لئے پہلے بھی مدعو کر چکے ہیں۔ لیکن تلخ تعلقات کے سبب وزیراعلی ممتا بنرجی اور گورنر جگدیپ دھنکر کے درمیان گذشتہ چند ماہ کے دوران ملاقات ممکن نہیں ہو سکی۔