محکمۂ صحت کے بلیٹن کے مطابق ایک ہی دن میں بنگال میں ہلاکتوں کی تعداد ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 افراد کی موت ہوئی ہے، گزشتہ روز 45 افراد کی موت ہوئی تھی جبکہ اتوار کو 51 افراد کی اطلاعات تھیں۔ ریاست میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2,528 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمۂ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3175 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ پیر کو 3060 افراد اور اتوار کو 3075 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔
بنگال میں اب تک کورونا وائرس کے 1 لاکھ 22 ہزار 753 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس وقت کورونا وائرس کے کل 27535 مریض زیر علاج ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں 2987 افراد ڈسچارج ہوئے ہیں۔ اب تک کل 92 ہزار 690 افراد اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
بنگال میں صحتیاب ہونے کی شرح 75.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے، یہاں ایک دن میں اب 35107 ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ یومیہ کی بنیاد پر ریاست میں جانچ کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اب تک کل 13 لاکھ 82 ہزار 198 افراد کا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ ریاست میں 10 لاکھ کی آبادی پر 15358 افراد کی جانچ ہو رہی ہے۔
مرنے والے 55 افراد میں سے 18 کا تعلق کلکتہ سے ہے، شمالی 24 پرگنہ میں 11 افراد کی موت ہوئی، جنوبی 24 پرگنہ میں 3 افراد جبکہ ہوڑہ میں 9 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
اس وقت کلکتہ سے زیادہ شمالی 24 پرگنہ میں کورونا وائرس کے مریض سامنے آرہے ہیں۔ کلکتہ میں جہاں 600 کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے تو وہیں شمالی 24 پرگنہ میں 664 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ہوڑہ میں بھی یومیہ کیس کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ تاہم مختلف اضلاع جیسے علی پور دوار، جنوبی دیناج پور، مشرقی مدنی پور، مغربی مدنی پور، مرشدآباد، مالدہ اور دارجلنگ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔