ریاست مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے بیرکپور پارلیمانی حلقے میں سیاسی کشیدگی کے درمیان سیاسی سرگرمیاں انتہائی عروج پر ہیں۔
واضح رہے کہ بیرکپور ایک صنعتی خطہ ہے جہاں نصف درجن سے زائد جوٹ ملیں، رائفل، میٹل اور آکسائڈ جیسی کئی فیکٹریز موجود ہیں۔
اس حلقے میں ہندو اور مسلمانوں کی بڑی آبادی ہونے جس کے سبب تمام پارٹیز کا پلڑا بھاری دکھائی دے رہا ہے۔
شیل بھدرا دتہ سمیت دیگر اہم رہنماوں کے ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر جانے کے سبب بیرکپور میں سیاسی شطرنج کا کھیل دوسرے اضلاع سے بالکل مختلف ہو گیا ہے۔
ضلع میں ترنمول کانگریس کی گرفت کمزور پڑنے کے سبب لفٹ فرنٹ اور کانگریس اتحاد اور بی جے پی نے بیرکپور پارلیمانی حلقے پر قبضے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگاچکی ہیں۔
بیرکپور پارلیمانی حلقے میں لفٹ فرنٹ اور کانگریس اتحاد کے امیدوار نیمائی ساہا (سونا دا ) نے انتخابی مہم کے دوران حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کی جم کر تنقید کی۔
فارورڈ بلاک کے تجربہ کار سیاسی رہنما نیمائی ساہا نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'ریاست میں بے روزگاری سب سے بڑا مسئلہ ہے'۔
انہوں نے کہا کہ دس میں سے سات نوجوان بے روزگار ہیں، ان میں بیشتر نوجوانوں کو روزگار کے لیے بیرون ریاستوں کا رخ کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔
فارورڈ بلاک کے رہنما کا کہنا ہے کہ صنعت اور روزگار کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام کا بھی برا حال ہے اس سے سب سے زیادہ نوجوانوں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی قیادت والی ریاستی حکومت تمام محاذ پر پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے، عوام کو ترنمول کانگریس اور بی جے پی سے نجات چاہیے۔
فارورڈ بلاک کے سینیئر رہنما کا کہنا ہے کہ لفٹ فرنٹ اور کانگریس کے اتحاد کو کامیابی ملے گی کیونکہ عوام نے اتحاد کو تیسرے متبادل کے طور پر تسلیم کرلیا ہے۔
بیرکپور کے نوا پاڑہ سے اس مرتبہ اسمبلی انتخابات کے لیے لفٹ فرنٹ اور کانگریس کے اتحاد نے فارورڈ بلاک کے سینیئر اور تجربہ کار رہنما نیمائی ساہا کو امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی 24 پرگنہ ضلع میں 22 اپریل کو اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے، اس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی سے لے کر وزیر داخلہ اور بی جے پی کے رہنما امت شاہ اور پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کی بیرکپور پارلیمانی حلقے کے تمام نشستوں پر گہری نظر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:'وسیم رضوی کا قرآن پر اعتراض نا قابل معافی جرم'
تمام سیاسی جماعتیں بیرکپور صنعتی خطے پر قبضہ کرنے کی کوشش تیز کردی ہیں۔