ایس آئی او مغربی بنگال کی جانب سے تعلیمی بیداری مہم گذشتہ 25 ستمبر سے جاری ہے۔ اس مہم کے تحت آج ایس آئی او کی جانب سے کورونا وائرس کے خطرات کے درمیان جے ای ای اور نِیٹ کے امتحانات کے انعقاد کے خلاف کولکاتا کے دھرمتلہ میں احتجاج کیا گیا ساتھ ہی مرکزی حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی پر نکتہ چینی کی گئی۔
اس کے ساتھ ایس آئی او کی جانب سے ریاستی حکومت سے مرشدآباد میں یونیورسٹی کے قیام میں تاخیر پر بھی سوال اٹھائے گئے۔ ایس آئی او کی جانب سے مرکزی حکومت کی تعلیمی پالیسی پر تنقید کی گئی ساتھ ہی موجودہ صورت حال میں جے ای ای اور نِیٹ کے امتحانات کے انعقاد کو غلط فیصلہ قرار دیتے ہوئے اس فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ایس آئی او مغربی بنگال کے صدر عثمان غنی نے کہا کہ 'نئی ایجوکیشن پالیسی تعلیم کی نجکاری کی طرف ایک قدم ہے۔ حکومت کو اس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریاست میں بھی تعلیمی مسائل پر بات کرتے ہوئے یونانی میڈیکل کالج، مدرسہ سروس کمیشن ملی الامین کالج کے متعلق بات کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے ان مسائل کا جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
کولکاتا کے دھرمتلہ میں آج ایس آئی او کے حامیوں نے ڈورینہ کراسنگ پر پلے کارڈ اور بینر لیکر راستے پر گھنٹوں تک مختلف تعلیمی مسائل اور موجودہ صورت حال میں جے ای ای اور نِیٹ کے امتحانات کے انعقاد کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ایس آئی او کی تعلیمی بیداری مہم آئندہ 5ستمبر تک ریاست گیر پیمانے پر جاری رہے گی۔