الیکشن کمیشن کی جانب سے 24 گھنٹے کی انتخابی مہم پر پابندی کے خلاف وزیر اعلی ممتابنرجی کولکاتا میں گاندھی مورتی کے پاس ساڑھے تین گھنٹے تک دھرنے پر بیٹھی رہیں۔
وزیر اعلی کے بیان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی پر 24 گھنٹے کے لیے انتخابی مہم پر پابندی لگادی تھی جس کے خلاف ممتا بنرجی نے احتجاج کے طور پر دھرنے پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے مطابق ممتا بنرجی آج صبح ساڑھے گیارہ بجے سے ہی کولکاتا کے میو روڈ گاندھی مورتی کے پاس ساڑھے تین گھنٹے تک دھرنے پر بیٹھی رہیں۔
اس دوران ممتا بنرجی گاندھی مورتی کے پاس تنہا ساڑھے تین گھنٹے تک بیٹھی رہیں چونکہ ان پر 24 گھنٹے کی پابندی تھی اس لیے ان کی پارٹی کا کوئی رہنما ان کے ساتھ دھرنے پر نہیں بیٹھا تاکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ ہو۔
گرچہ ترنمول کانگریس کے کئی رہنما گاندھی مورتی پہنچے اور کچھ دوری پر الگ طور ترنمول کانگریس کے کئی رہنما بھی دھرنے پر بیٹھے رہے۔ ترنمول کانگریس کے کئی رہنما ڈولا سین، سجاتا منڈل اور کبیر سمن بھی پہنچے تھے۔ ساڑھے تین گھنٹے کے دوران ممتا بنرجی کو مصوری (پینٹنگ) کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران وہ خاموش بیٹھی رہیں۔
اس موقع پر ترنمول کانگریس کی رہنما اور آرام باغ کی امیدوار سجاتا منڈل نے کہا کہ ممتا بنرجی 365 دنوں تک عوام کے لیے کام کرتی ہیں ایک دن ان پر انتخابی مہم پر پابندی لگانے سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا ہے۔ عوام ان کے ساتھ ہیں جن علاقوں میں آج دیدی کی انتخابی مہم تھی وہاں کے لوگ پہلے سے بھی زیادہ ووٹوں سے انہیں کامیاب بنائیں گے۔