مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کولکاتا کے پارک اسٹریٹ کے ایلن پارک میں ہر سال منعقد ہونے والے کرسمس فیسٹیول کا منگل کو افتتاح کیا۔ کولکاتا کے پارک اسٹریٹ میں بڑے پیمانے پر کرسمس کا تہوار منایا جاتا ہے۔
ممتا بنرجی کی حکومت میں کرسمس فیسٹیول کا آغاز کیا گیا تھا جو 31 دسمبر تک جاری رہتا ہے۔ فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد ممتا بنرجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں ہر مذہب کے لوگ متحد ہوکر ہر تہوار مناتے ہیں، ’’یہاں درگا پوجا، عید اور کرسمس سب ملکر مناتے ہیں، لیکن کچھ لوگ نفرت کی سیاست کر رہے ہیں، بنگال کی مذہبی رواداری کی فضا کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے بی جے پی پر نفرت کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا، انہوں نے کہا: ’’کچھ لوگ ملک کو صرف تقسیم کر سکتے ہیں، بی جے پی نے اقتدار میں آنے کے بعد کرسمس کی چھٹی کو ختم کر دیا۔ کیا ان کو عیسائی براداران کے مذہبی جذبات کی کوئی قدر نہیں؟‘‘
نہوں نے کہا کہ کرسمس سب کا تہوار ہے اور پورے عالم میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہم ملک کے آئیں کی قدر کرتے ہیں لیکن جو حکومت دہلی میں موجود ہے اس کو ملک کے دستور کا کوئی پاس نہیں۔‘‘
ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ’’بی جے پی مغربی بنگال کے ترقیاتی منصوبوں کے متعلق جھوٹ و وہم پھیلا رہی ہے جبکہ ہماری ریاست کئی معاملوں میں پورے ملک میں اول مقام پر ہے اور ہمارے اسکیموں کی عالمی پیمانے پر پذیرائی ہوئی ہے۔ لیکن کچھ لوگوں ہماری ریاست میں نفرت کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ملک میں ایک طرح کی مذہبی آمریت چل رہی ہے۔‘‘
انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’دہلی کی حکومت ملک میں مذہبی منافرت پر مبنی سیاست کر رہی ہے، دوسرے مذاہب کے لوگوں کے جذبات کی کوئی قدر نہیں کی جا رہی ہے۔‘‘