کولکاتا: ملک بھر کے راج بھون کے باہر کسانوں نے آج زرعی ایکٹ کے خلاف احتجاج کیا۔ اترپردیش، ہریانہ اور پنجاب کے کسان دہلی کی سرحد پر گزشتہ سات مہینوں سے احتجاج کررہے ہیں۔ اس احتجاج میں سو سے زائد کسان تنظیمیں شامل ہیں۔ آج کسانوں نے راج بھون کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس درمیان کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے ممتا بنرجی کو وزیر اعظم نریندر مودی سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی سب سے زیادہ مقبول ہیں اور وہ وزیرا عظم کے عہدہ کےلیے سب سے قابل امیدوار ہیں۔'
دہلی میں پولیس کی سختی پر تبصرہ کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے کہا کہ پولیس بربریت کے ذریعہ ہمارے عزائم کو ختم نہیں کرسکتی ہے۔ ہم کسان سخت جان ہوتے ہیں اور سال بھر سے زائد عرصے تک احتجاج کرسکتے ہیں۔
- مزید پڑھیں: ملک کے کسان بڑے بحران سے گزر رہے ہیں: نریش ٹکیت
- کسان تحریک کے سات ماہ، کسانوں نے گورنرس کو میمورنڈم سونپا
انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہورہی ہیں۔ گرچہ ہمارا تعلق سیاست سے نہیں ہے۔ میں نے ممتا بنرجی سے ملاقات کی ہے۔ وہ کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتی ہیں۔ وہ پورے بھارت میں مقبول ہیں، بہادر خاتون ہیں اور وہ وزیر اعظم کے عہدہ کےلیے قابل امیدوار ہیں۔
یواین آئی