مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ترنمول کانگریس کے بعد بایاں محاذ - کانگریس اور انڈین سیکولر فرنٹ کے متحدہ محاذ نے آج دو مرحلوں کے لیے 60 امیدواروں کی فہرست مظفر احمد بھون میں مشترکہ طور پر جاری کی۔ گرچہ کانگریس اور انڈین سیکولر فرنٹ کی طرف سے امیدواروں کا نام اب بھی سامنے نہیں آیا ہے۔
سی پی آئی ایم کے صدر دفتر مظفر احمد بھون میں بایاں محاذ کے چئیرمین بمان بوس، سی پی آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری سوریہ کانت مشرا، کانگریس کے رہنما پردیپ بھٹاچاریہ، عبدالمنان اور آئی ایس ایف کے ریاستی سیکریٹری سیمول شورین کی موجودگی میں مشترکہ طور پر امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی۔
متحدہ محاذ کی 60 سیٹوں کی پہلی فہرست میں کانگریس نے 19، انڈین سیکولر فرنٹ نے 6 اور باقی سیٹوں پر بایاں محاذ کے امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ بایاں محاذ نے بھی اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ لیکن کانگریس اور انڈین سیکولر فرنٹ نے ابھی ان سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔'
اس سلسلے کانگریس کے رہنما پردیپ بھٹاچاریہ نے کہا کہ 'امیدواروں کے نام پر حتمی فیصلہ دہلی میں ہوگا، اس لیے ابھی ان کے ناموں کا اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔ وہیں انڈین سیکولر فرنٹ کی نمائندگی کر رہیں سیمول شورین نے کہا کہ ایک دو روز میں ہم اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیں گے۔'
اس موقع پر بایاں محاذ کے چئیرمین نے ترنمول کانگریس کی جانب سے تمام 291 سیٹوں پر امیدواروں کے نام کا اعلان کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'ترنمول کانگریس، بی جے پی کے ساتھ خفیہ سمجھوتہ کرکے امیدواروں کا نام جاری کر رہی ہے'۔