اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے جاری سیاسی تصادم کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے چار رکنی وفد ان دنوں مغربی بنگال کے دورے پر ہیں۔
وزارت داخلہ کا چار رکنی وفد آج دہلی سے کولکاتا پہنچا اور راست سکریٹریٹ بلڈنگ نبنو میں مغربی بنگال کے چیف سکریٹری الاپن بنرجی سے ملاقات کی۔ ریاستی چیف سکریٹری الاپن بنرجی سے ملاقات کے بعد وفد شمالی 24 پرگنہ کے بھاٹ پاڑہ کے لیے روانہ ہوا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے چار رکنی وفد نے شمالی 24 پرگنہ کے بھاٹ پاڑہ کا دورہ کیا اور بی جے پی کے مقتول رہنماؤں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ مرکزی وزارت داخلہ کے وفد نے بی جے پی کے مقتول رہنما کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے ہی شمالی 24 پرگنہ کے بھاٹ پاڑہ، جگتدل، نئی ہٹی، آم ڈانگہ اور حالی شہر میں تشدد کا بازار گرم ہے۔ ان علاقوں میں سیاسی جھڑپوں کے دوران اب تک متعدد افراد کی موت ہو چکی ہے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ علاقے میں آر اے ایف اور مرکزی فورسز کے جوان تعینات ہیں۔
وزارت داخلہ نے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے جاری سیاسی تصادم کا جائزہ لینے کے لیے چار رکنی وفد جس کی قیادت بھلا کر رہے ہیں کو مغربی بنگال بھیجا ہے۔ وزارت داخلہ کی چار رکنی ٹیم ریاست میں جاری سیاسی تصادم کا تفصیلی جائزہ لے کر وزیر داخلہ امت شاہ کو رپورٹ سونپے گی۔
گورنر جگدیپ دھنکر وزارت داخلہ کے وفد کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کی تصدیق کریں گے۔ اس کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ مغربی بنگال کی سیکیورٹی صورتحال پر کوئی فیصلہ کریں گے۔'
واضح رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد سے ہی ریاست کے مختلف اضلاع میں سیاسی جماعتوں کی حامیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 22 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔