بین الاقوامی کرکٹ کے سب سے خوبصورت اسٹیڈیم میں سے ایک ایڈن گارڈن میں عظیم کرکٹرز کی تصاویر اور مجسمے کے درمیان سابق کپتان سورو گنگولی، پنکج رائے اور جھولن گوسوامی کے مجسمے کو بھی رکھا جائے گا۔
مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے کہا کہ بہت جلد ایڈن گارڈن کے اسٹینڈ اور گیلری میں سورو گنگولی، پنکج رائے اور جھولن گوسوامی کے مجسمے نظر آئیں گے۔
ایسوسی ایشن کے صدر ابھیشک ڈالمیا نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس عامہ نے بھارت کے عظیم کرکٹرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کچھ خاص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سیزن میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی، سابق کرکٹر پنکج رائے اور اسٹار خاتون کرکٹر جھولن گوسوامی کے مجسمے کو ایڈن گارڈن کے اسٹینڈ اور گیلری میں نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سی اے بی کے صدر نے مزید کہا کہ ان تینوں عظیم کرکٹروں کے علاوہ بی سی سی آئی کے صدر آنجہانی جگموہن ڈالمیا کے مجسمے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک سال پہلے ہی بنایا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب اس کو عمل میں نہیں لایا جا سکا لیکن رواں کرکٹ سیزن میں ہی اس منصوبے کو عمل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔