کولکاتا: کانگریس رہنما راہل گاندھی نے آج انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی اور وزیرا عظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اقتدار میں آنے کے لیے بنگال کو مذہبی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کے دور اقتدار میں بنگال میں روزگار کے مواقع اور ترقی کی رفتار کم ہوگئی۔ انہو ں نے کہا کہ ماضی میں بی جے پی اور ترنمول کانگریس دونوں ساتھ میں رہی ہے۔
بنگال میں چار مرحلے کی پولنگ کے بعد راہل گاندھی نے آج شمالی دیناج پور کے گوالپوکھر میں پہلی انتخابی ریلی میں اپنی تقریر کے بیشتر حصے میں مودی کی تنقید کی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی تقسیم سیاست کے ذریعہ جس طریقے سے اترپردیش میں اقتدار میں آئی اور اب بنگال میں بھی آنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اگر بنگال میں اقتدار میں آگئی تو بنگال کی مائیں اور بہنیں محفوظ نہیں رہے گی۔ یہ آگ کوئی بھی نہیں بجھا پائے گا۔'
انہوں نے کہا کہ امت شاہ اور نریندر مودی دونو ں کی یہی کوشش ہے کہ بنگال کو تقسیم کر کے اقتدار حاصل کر لیں مگر اس کی قیمت بنگال کے عوام کو چکانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس بنگال کی تاریخ، زبان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمل ناڈو اور آسام میں بھی بی جے پی نفرت پھیلانے کی کوشش کی مگر وہاں کے عوام نے انہیں کوئی پذیرائی نہیں کی'۔
اترپردیش کی مثال دیتے ہوئے راہل نے کہا کہ' بی جے پی نے اترپردیش میں آگ لگاکر اقتدار حاصل کیا۔ آج اترپردیش بیمار ریاست بن گیا ہے۔ ہسپتال میں کورونا سے مرنے والوں لاشوں سے بھرا ہوا ہے جہاں بھی آپ دیکھیں، لوگ کورونا سے مررہے ہیں، وزیر اعلی کے پاس ریاست کے عوام کے لیے کوئی وقت نہیں ہے۔ اترپردیش میں ترقیاتی کام روک چکی ہیں'۔
ممتا بنرجی کی تنقید کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ لاکھوں افراد بنگال کے باہر روزی روٹی کمانے کے لیے جاتے ہیں، نہ ممتا بنرجی اور نہ مودی کو ان کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مودی جی ہیں جو کورونا کا مقابلہ کرانے کے لیے تھالی بجوارہے ہیں۔ کیا کسی ملک کا وزیر اعظم اس قدر غیر سنجیدہ ہوسکتا ہے'۔
نوٹ بندی، جی ایس ٹی، لاک ڈاؤن، نئے زرعی قانون پر وزیر اعظم پر حملہ کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ مودی نے پہلے ملک کے چھوٹے تاجر، پھر کسان کو برباد کرنے کے بعد اب بنگال کو 'سونار بنگلہ' کے نام پر برباد کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ ہرجگہ وہ ایسا ہی کرتے ہیں۔ مودی جی نے بھارتی معیشت کو تباہ و برباد کردیا۔ پہلے دنیا بھر میں بھارت کی معیشت کی تعریف ہوتی تھی۔ اب بھارت کی حالت پر لوگ ہنس رہے ہیں'۔
کانگریس اور اس کے اتحادی امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے راہل نے کہاکہ 'آپ نے ممتاز کو بنگال چلانے کی ذمہ داری دی ہے۔ کیا انہوں نے آپ کے لیے کام کیا؟ کیا آپ کے روزگار کا بندوبست کیا ہے؟ سڑکیں بنیں، بنگال میں کالج بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ متحدہ محاذ کے امیدواروںکو کامیاب بنائیں۔
اپنی تقریر کے اختتام پر راہل گاندھی نے کہاکہ ماضی میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان اتحاد رہا ہے۔ آج بھی دونوں ایک ہی طرح کی پالیسی پر کام کررہی ہے۔ راہل نے کہاکہ کانگریس نے کبھی بھی بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کو صرف بی جے پی سے پرہیز ہے ممتا بنرجی کو آر ایس ایس سے کوئی پرہیز نہیں ہے۔'
انہوں نے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس کے نظریات پر کام کرتی ہے۔ آر ایس ایس وہی ہے جو گاندھی جی کے قتل میں ملوث رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کے لیے یہ سیاسی جنگ ہے مگر کانگریس کے لیے یہ نظریاتی جنگ ہے۔ ہم آر ایس ایس سے بھارت کومحفوظ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس کا مقصد گاندھی جی کے خوابوں کا بھارت بنانا ہے'۔
یواین آئی