ریاست مغربی بنگال میں آئندہ برس ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔
حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیز میدان میں اترچکی ہیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کیلاش وجے ورگیہ نے جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2021 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر تمام اپوزیشن پارٹیز کی تیاریاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ برس اسمبلی انتخابات کے دوران تمام حلقوں میں مرکزی فورسز کی تعیناتی کو لازمی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی جے پی کے رہنما کا کہنا ہے کہ اگر انتخابات پرامن طور پر عمل میں آیا تو ممتا دی دی کی شکست یقینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگال میں اب تک انتخابات کے دوران خون کی ہولی کھیلی جاتی تھی، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔
ترنمول کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کیلاش وجے ورگیہ نے کہا کہ مرکزی حکومت سے اسمبلی انتخابات کے دوران مرکزی فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پر امن انتخابات کرانے کے ساتھ ساتھ ممتا دی دی کو پر امن طریقے سے رخصت بھی کرنا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کے مطابق مغربی بنگال ملک کی واحد ریاست ہے جہاں بی جے پی کے رہنماؤں کو مارا جاتا ہے اور حکمراں جماعت اپوزیشن کو ختم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔