نواسہ رسول، فرزند مرتضیٰ حسین ابن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نظریے کو صرف مسلمانوں کے لیے محدود کرنا سراسر ظلم کے مترادف ہے، کیونکہ حضرت امام حسین کی شہادت پوری انسانیت کے لیے ایک لائحہ عمل ہے، حضرت امام حسین نے اپنے اصحاب کی ہمراہی میں جو اصول کی جنگ لڑی اس کے اثرات پوری دنیا میں مرتب ہوئے۔
دنیا کے مختلف مذاہب کے پیشوا، دانشور، مفکر اور شعرا نے حسین ابن علی کی بارگاہ میں جس عقیدت کا اظہار کیا ہے وہ روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔
اسی تناظر میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے ارریہ کے غیر مسلم طبقہ کے باشعور افراد سے کربلا کے تعلق سے بات چیت کی اور جاننے کی کوشش کی کہ حضرت امام حسین کی شہادت سے وہ کیا سمجھتے ہیں آیا یہ واقعہ ان کی زندگی میں کتنی اہمیت کا حامل ہے۔
معروف سماجی کارکن شتیندر شرن نے کہا کہ کربلا کے المیہ سے ہمیں سب سے بڑا سبق جو ملتا ہے وہ یہ کہ امام حسین اور آپ کے ساتھیوں کو اوپر والے پر کامل یقین تھا اور آپ نے اپنے عمل سے یہ ثابت کر دیا کہ حق اور باطل کی کشمکش میں تعداد کوئی معنی نہیں رکھتا، بہادری اور شجاعت کا جو سبق ہمیں کربلا کے واقعہ سے ملتا ہے وہ کسی اور واقعے سے نہیں ملتا۔
صحافی امت کمار امن نے کہا کہ یہ آپسی اور بھائی چارے کا تہوار ہے جسے ہم سب مل جل کر مناتے ہیں۔
اوم پرکاش جیسوال نامی شخص نے کہا کہ حضرت امام حسین کی شہادت نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک قابل فخر کارنامہ ہے۔ امام حسین نے شہید کردئے گئے مگر انسانیت کے رہنما اصولوں پر آنچ نہیں آنے دی۔