ریاست بہار کے ضلع ارریہ کے کلکٹر پرشانت کمار نے صحافیوں سے روبرو ہوتے ہوئے یہ واضح کیا کہ کل سے یعنی 12 سے 19 جولائی تک ارریہ ضلع میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ یہ فیصلہ ضلع میں بڑھ رہے کورونا مریض کو دیکھتے ہوئے لیا گیا ہے جس کے لیے کل سے عام دنوں کے مقابلے الگ وقت مقرر کیا گیا ہے اور اس پر سختی سے عمل بھی ہوگا۔
اس تعلق سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں مختلف کاموں کے لیے مختلف افسران مقرر کیے گئے ہیں، جو محکمہ جن افسران کے ذمہ دیے گئے ہیں اس کی رپورٹ روزآنہ ضلع کلکٹر آفس میں جمع کرنا ہے۔
ضلع کلکٹر کے ہدایت کے مطابق عام لوگوں کی سہولت کا خیال کرتے ہوئے کچھ چیزوں میں رعایت دی گئی ہے، جس کے لیے ضلع کلکٹر کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل پریس ریلیز بھی جاری کیا گیا ہے۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق ضلع کے تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کے ساتھ ساتھ بینک، اے ٹی ایم، پوسٹ آفس، بیما، اسپتال اور پرائیویٹ ڈاکٹر کے کلنک و نرسنگ ہوم کھلے رہیں گے جبکہ سرکاری دفاتر میں عام لوگوں کے جانے پر پابندی ہوگی، ساتھ ہی ضلع میں ٹیمپو، ای رکشا کے ساتھ پرائیویٹ گاڑیوں پر بھی پابندی ہوگی اور ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں جانے کے لیے تعینات افسر سے پاس لینا لازمی ہوگا۔
اسی طرح جنرل اسٹور، میڈیکل اسٹور، پھل و سبزی کی دکانیں ضلع انتظامیہ کی جانب سے مقررہ وقت پر ہی کھلینگی اور یہ دکانیں صبح چھ بجے سے نو بجے اور پھر دوپہر تین بجے سے پانچ بجے تک کھلیں گی۔
اس کے علاوہ پٹرول پمپ اور گیس سلینڈر کی خدمات بحال رہیں گی جبکہ تمام طرح کی عبادت گاہوں پر پابندی لگی رہیں گی، کسی کی میت میں بھی صرف 20 لوگوں کے شامل ہونے کی اجازت ملے گی جبکہ شادی میں پچاس لوگ شامل ہو پائیں گے، اس دوران کسی بھی طرح کا سرکاری و غیر سرکاری پروگراموں پر مکمل پابندی رہے گی۔