ہریانہ کے میوات میں شوشل میڈیا پر پھیل رہی فحاشیت و عریانیت کے خلاف میوات کے نوجوانوں نے اب کمر کس لی ہے۔ اس تحریک کو منظم طریقے سے چلانے کیلئے "انجمن اصلاحِ میوات" نام کا ایک سانجھا منچ تشکیل دیا گیا ہے۔
اس کے متعلق انجن اصلاح میوات کے صدر مولانا ناصر حسین زکریا اٹاوڑی نے بتایا کہ اس تحریک کے طریقہ کار کے مطابق ہر مسجد کے اطراف سے مسجد کے امام کی سرپرستی میں 50 نوجوانوں کی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ ٹیم کے ہر نوجوان فرد پر اپنے قرب و جوار کے پانچ نوجوانوں کو انجمن اصلاحِ میوات سے جوڑ کر اس کی رہنمائی کرنا لازم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انجمن اصلاحِ میوات علاقہ میوات کے نوجوانوں کی ہمہ جہت اصلاح کی فکر کر رہی ہے۔
مندرجہ ذیل نکات کے اعتبار سے فکری و عملی سطح پر انجمن کوشش کر رہی ہے۔
- دور حاضر میں شوشل میڈیا کا درست استعمال کیسے کیا جائے، اور ساتھ ہی میوات میں شوشل میڈیا پر پھیل رہی فحاشیت کے مرتکب نوجوانوں کی اصلاح کیسے کی جائے۔
- انٹرنیٹ گیمس پبجی وغیرہ کے جسمانی، ذہنی اور وقتی نقصانات سے نسلِ نو اور خاندانی ذمہ داران کو باخبر کرنا، اور وقت کے درست استعمال کی ترغیب دلانا۔
- مشن فٹنیس کے تحت میواتی نوجوانوں کو جسمانی کھیل اور ورزش کیلئے ابھارنا، اور نشہ آور اشیاء سے دور رکھنا اور مناسب وقت پر ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹورنامنٹ وغیرہ کا انعقاد کرانا ہے۔
- قوم میں عصری و دینی تعلیم کے فروغ کے مشن کیلئے خطوطِ راہ و طریقہ کار کا تعین، اور لڑکیوں کیلئے باقاعدہ "گرلس اسکولس" کا قیام کیا جائے گا۔
- بے کار نوجوانوں کو تجارت کے تئیں بیدار کرنا اور ان کیلئے نت نئے اور نفع بخش آئیڈیاز فراہم کرانا ہے۔ ساتھ ہی میواتی نسلوں کی فطری صلاحیتوں کو بروئے کار لانا اور ان کو درست رخ فراہم کرانا ہے۔
- شوشل میڈیا پر گردش کر رہے منفی مواد سے اہل میوات کو محفوظ رکھنے کیلئے شوشل میڈیا پر میواتی بولی میں دلچسپ مثبت بدل پیش کرنا ہے۔
- حال ہی میں شروع ہونے والی اس تحریک کے اچھے اثرات میوات کے کئی گاؤوں تک پہنچ چکے ہیں۔ اس سمت میں ایک درجن سے زائد سرگرم ٹیموں نے چند ہی ہفتوں میں یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر کوئی کام پوری جانفشانی اور اخلاص کے ساتھ کیا جائے تو کسی بھی برائی کو معاشرے سے دور کیا جا سکتا ہے۔ انجمن کی ٹیمیں گھر گھر جا کر اپنے مقاصد کی حصولیابی کیلئے محنت کر رہی ہیں۔
ایسے میں امید کی جا سکتی ہے کہ مستقبل میں اخلاقی، تعلیمی، معاشی اور صحت کے اعتبار سے یہ تحریک میوات میں ایک انقلاب برپا کر سکتی ہے ۔