ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں حلیم مسلم کالج گراؤنڈ پر راشٹریہ علماء کونسل کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز کیا گیا، راشٹریہ علماء کونسل کے کیمپ سے جیسے ہی یہ اعلان ہوا کہ جن لوگوں کو شہریت ترمیمی قانون پرکوئی اعتراض ہے یا اس پر ان کی کوئی تنقید ہے، وہ صدر جمہوریہ کو مخاطب کرتے ہوئے یہاں پوسٹ کارڈ میں اپنا احتجاج درج کرا سکتے ہیں۔
یہ اعلان سنتے ہی ہزاروں کی تعداد میں بھیڑ راشٹریہ علماء کونسل کے کیمپ پر امڈ پڑی۔ بڑی تعداد میں لوگوں نے شہریت ترمیمی قانون، این آرسی اور این پی آر کے خلاف اپنا احتجاج پوسٹ کارڈ پر لکھ کر کیمپ میں جمع کردیا۔
کئی ہزار پوسٹ کارڈ لکھے جانے کے بعد جب پوسٹ کارڈ ختم ہوگئے تو لوگوں نے کیمپ میں موجود رجسٹر پر اپنے اعتراضات درج کرائے۔ راشٹریہ علماء کونسل اب ان پوسٹ کارڈ کو کو صدر جمہوریہ ہند کو بھیجے گی۔
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ان پوسٹ کارڈ کو صدر جمہوریہ کو بھیجے جانے کے بعد اگر اس پر کوئی اطمینان بخش کارروائی نہیں ہوتی ہے تو اس کے بعد راشٹریہ علماء کونسل شہریت ترمیمی قانون کے خلاف کوئی دوسرا لائحہ عمل تیار کرے گی۔