کورونا وائرس کے انفیکشن کو قابو میں کرنے کے لیے ریاستوں میں نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے یومیہ مزدور اور غریب طبقہ سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔ ایسے حالات میں ملک بھر میں عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کی جانب سے یومیہ مزدور اور غریب عوام میں راشن کٹس تقسیم کیے جارہے ہیں۔
اسی ضمن میں ریاست کرناٹک کے گلبرگہ شہر میں بھی عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کی جانب سے شہر کے سرکاری اردو ہائی اسکول میں غریب طلبہ کو راشن کٹس تقسم کیا گیا۔
اس موقع پر عثمان پاشا نے کہا کہ عظیم پریم جی فاؤنڈیشن غریب طلبہ کو تعلیمی میدان میں ترقی کرنے کے لیے ملک بھر میں اپنی خدمات کو انجام دے رہا ہے۔
اس کے علاوہ کورونا وائرس کو قابو میں کرنے کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک کی مختلف ریاستوں میں غریب عوام کی امداد کی جا رہی ہے۔
عثمان پاشا نے کہا کہ اسی ضمن میں گلبرگہ شہر کے شمال و جنوب کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی نشاندہی پر غریب اور مستحق طلبہ میں راشن کٹس تقسیم کیے جارہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ابھی تک 1492 راشن کٹس تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ غریب عوام نے عظیم پریم جی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
اس کام کو عظیم پریم جی فاؤنڈیشن گلبرگہ کے ذمہ دار محمد شافی اور دیگر اساتذہ کے تعاون سے انجام دیا گیا۔