کرناٹک وقف بورڈ سے مدارس کے اساتذہ کے لیے مالی امداد کا مطالبہ کیاگیا ہے اس تعلق سے گلبرگہ مرکزی سیرت کمیٹی کے کارگزار صدر ڈاکٹر اصغر چلبل نے کہا کہ' مدارس دین کے مضبوط قلعے ہیں۔ جن کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ' کورونا وائرس کے دوران کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام دینی مدارس بند ہیں۔ مدارس کے اساتذہ کو کافی مشکلات کا سامنا ہے اس لئے کرناٹک وقف بورڈ کے ذمہ داران کو چاہئے کہ وہ ریاستی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے ائمہ و مؤذنین نیز دینی مدارس کے اساتذہ کے لئے مالی امداد جاری کروائیں تاکہ ان کے حالات کو بہتر بنایا جاسکے۔
اس موقع پر مفتی محمد اویس قادری بانی وناظم الحسن اسلامک اکیڈمی گلبرگہ نے کہا کہ' کرناٹک وقف بورڈ مساجد کے ائمہ و مؤذنین کو تنخواہ دی رہی ہے۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ دینی مدارس کے اساتذہ کو بھی مالی تعاون ملنا چاہئے کیونکہ کورونا وائرس کے سبب کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے مدارس بند ہیں جس کے سبب اساتذہ مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔
مزید پڑھیں:
جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر فلاحی کاموں کو انجام دینے کی تلقین
انہوں نے مزید کہا کہ' رواں برس کورونا وائرس کے سبب کیے گئے ڈاؤن کی وجہ سے مدارس کو رمضان اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کے جانب مالی تعاون بہت کم ملا ہے۔ جس کی وجہ سے مدارس کے اساتذہ کو تنخواہیں نہیں ملی ہیں، لہذا ان حالات کے پیش نظر مدارس کے اساتذہ کے لیے بھی وقف بورڈ سے مالی امداد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔