جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما نے بتایا کہ کل 28 ڈی ڈی سی حلقوں میں انتخابات ہونے ہیں، جن میں صوبہ کشمیر میں 13 حلقے اور جموں میں 15 حلقے شامل ہیں۔
انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا 'آٹھویں مرحلے کے لیے 168 امیدوار میدان میں ہیں، کشمیر کے 13 حلقوں میں 83 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 31 خواتین شامل ہیں۔ وہیں جموں کے 15 حلقوں میں 15 خواتین سمیت 85 امیدوار میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں'۔
انہوں نے بتایا 'آٹھویں مرحلے میں 6 لاکھ 30 ہزار 443 رائے دہندگان اپنے حق رائے دیہی کا استعمال کریں گے، جن میں 3 لاکھ 27 ہزار 168 مرد ہیں اور 3 لاکھ 3 ہزار 275 خواتین ووٹرز ہیں'۔
انتخابات کے لیے کل 1703 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 1028 کشمیر میں اور 675 جموں میں ہیں۔
ایس ای سی نے مزید بتایا 'آٹھویں مرحلے میں مطلع شدہ 165 سرپنچ آسامیوں میں سے 43 سرپنچ بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 84 حلقوں میں مقابلہ ہوگا اور انتخابی میدان میں 249 امیدوار شامل ہیں۔ اسی طرح پنچ کے لیے 1475 خالی اسامیوں میں سے 496 اسامیوں میں پنچوں کو بلامقابلہ منتخب کیا گیا ہے اور 285 حلقوں میں انتخابات ہونگے'۔
انہوں نے کہا کہ سبھی پولنگ اسٹیشنس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور کووڈ-19 کے پیش نظر حفاظت کے لیے تمام ہدایات پر عمل کیا جا رہا ہے۔