جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں حضرت شاہ اسرارؒ 346 واں عرس کے دوران یہاں کی تاریخی چوگان میدان میں ہر سال کی طرح اس سال بھی عرس کے موقع پر میلا لگایا گیا تھا۔کشتواڑ میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شاہ اسرار الدین صاحب کے دربار میں زیارت کرنے کے بعد چوگان میدان میں لگے اسٹال سے خریداری کی، لیکن عرس کے ختم ہونے کے بعد کشتواڑ کے میونسپل کمیٹی نے میدان کی صفائی نہیں کرائی، جس سے مقامی لوگوں میں ناراضگی نظر آرہی ہے۔
چوگان میدان میں اس سال بھی عرس کے دن میونسپل کمیٹی کشتواڑ نے اسٹال لگانے کے لیے 500 روپئے فیس لے کر 68 دکانداروں کو سامان فروخت کرنے کی جگہ دی تھی۔ لیکن مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ میونسپل کمیٹی نے لوگوں سے پیسہ وصول کرنے کے بعد بھی میدان کی صفائی نہیں کی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی نے عرس کے دوران لوگوں کے ذریعہ کی گئی گندگی کی صفائی بھی نہیں کی اور چوگان میدان کے گھاس پر آگ بھی لگا دی۔ جس کی وجہ سے چوگان میدان کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ یہاں کے گھاس کو بھی کافی نقصان ہوا ہے۔
سماجی کارکن شاکر صدیقی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ضلع انتظامیہ کشتواڑ گہری نیند میں ہے، اس لیے چوگان میدان میں گندگی کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔ اس میدان میں تہواروں کو منانے کے ساتھ ساتھ جنازہ کی نماز بھی پڑھائی جاتی ہے، ایسے میں چوگان میدان میں موجود گندگی کی وجہ سے جنازہ کی نماز پڑھانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:کشتواڑ: حضرت شاہ اسرارؒ کا 346 واں عرس منایا گیا
لوگوں نے جموں و کشمیر انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما سے اپیل کی ہے کہ چوگان میدان کی صفائی فوری طور پر کی جائے، تاکہ لوگوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔