جموں و کشمیر کی حکومت نے کووِڈ19وَبا کے دوران سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے لئے لاگو مڈ ڈے میل (Mid Day Meal) اسکیم کی بلا خلل عمل آوری کے لئے متعدد اِقدامات اٹھائے۔ جن میں سکیم کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے مستحق بچوں کو فوڈ سیکورٹی الاؤنس (خشک راشن اور اس کو پکانے کی لاگت) فراہم کیا گیا۔
سکیم کے تحت لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے 6 مارچ کو سکول ہیلتھ کارڈ پروگرام شروع کیا تھا جس کا مقصد یونین ٹیریٹری میں مختلف سرکاری سکولوں میں درج زائد از 12لاکھ بچوں کی صحت کو بہتر بنانا ہے اور جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں منگل کو اِن کارڈوں کی تقسیم کا کام شروع کیا گیا۔ دریں اثنا سکولوں کے بند ہونے کے پیش نظر بچوں کو دو ماہ کا خشک راشن براہِ راست فراہم کیا گیا جبکہ پکانے کی لاگت اُن کے بینک کھاتوں میں جمع کی جا رہی ہے۔
مستحقین تک اس سکیم کے بلا رُکاوٹ اِستفادہ کو یقینی بنانے کے لئے 8.29لاکھ بچوں میں 5823میٹرک ٹن غذائی اجناس 60دِنوں کے لئے فراہم کرنے کے علاوہ پکانے کی لاگت کے طور پر اس کے مساوی 14.47کروڑ روپے،4.97 روپے یومیہ کے حساب سے فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ آنے والی گرمائی چھٹیوں کے دوران کووِڈ19 سے نمٹنے کے اقدامات کے تحت طلباء کے حق میں فوڈ سیکورٹی الاؤنس واگزار کیا جائے گا۔
اسی طرح 6.66 کروڑ روپے ’’کک کم ہیلپر‘‘ کے حق میں 1000روپے ماہانہ مشاہرے کی ادائیگی کے لئے بھی ضلع انتظامیہ کے حق میں واگزار کئے گئے ہیں جو متعلقہ سی ای اوز 29987کک کم ہیلپروں کے حق میں بطور مشاہرہ ادا کریں گے۔
اس کے علاوہ 125.10کروڑ روپے سی ای اوز کے حق میں کووِڈ19کے دوران غذائی اجناس کے عوض ایف سی آئی کی ادائیگی کے لئے فراہم کئے گئے۔