مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سی آر پی ایف کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں دفعہ 370 تنسیخ کے بعد ملی ٹنسی پر فیصلہ کنٹرول حاصل کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے یونین ٹریٹری میں 33 ہزار کروڑ روپیوں کی سرمایہ کاری کو یقینی بنایا اور یہاں جمہوریت کو بنیادی سطح تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے آج جموں میں سی آر پی ایف کے 83 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’دفعہ370 کے خاتمے کے بعد ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ آج دہشت گردی پر فیصلہ کن کنٹرول حاصل ہوا ہے‘۔ شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے یونین ٹریٹری میں 33 ہزار کروڑ رپیوں کی سرمایہ کاری کو بھی یقینی بنایا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’جموں و کشمیرمیں آج جمہوریت پھل پھول رہی ہے کیونکہ ہر گاؤں میں پنچ اور سرپنچ ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری میں قومی شاہراؤں کا جال مزید پھیلایا جا رہا ہے اور جموں و کشمیر کی تعمیر ترقی کے لیے تمام تر جدید وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور تمام شعبوں میں ریکارڈ ساز کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔
قبل ازیں حکام نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزارت داخلہ و پولیس کے اعلی حکام، سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف)کے حکام، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ یہ اجلاس کشمیر میں تشدد کی سرگرمیوں میں حالیہ اضافے کے پیش نظر اہمیت کا حامل ہے۔
اس ماہ وادی میں الگ الگ حملوں میں تین پنچایت ممبران اور دو سیکورٹی اہلکار مارے گئے، جبکہ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 9 دنوں کے دوران مختلف مقابلوں میں 11 ملی ٹینٹوں کو بے اثر کیا۔ شاہ ہفتہ کو ایم اے اسٹیڈیم میں سنٹرل ریزروڈ پولیس فورس (سی آر پی ایف کے یوم تاسیس سے خطاب کرنے والے ہیں اس سے پہلے دوپہر میں ایک اعلی سطحی میٹنگ میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا شام کو دہلی واپس آنے سے پہلے مہان پور میں سی آر پی ایف کے اہلکاروں سے ملاقات کے لئے کٹھوعہ جانے کا بھی امکان ہے۔پچھلے پانچ مہینوں میں شاہ کا جموں و کشمیر کا یہ دوسرا دورہ ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند جموں و کشمیر کے سیکورٹی اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ اس عزم کو ظاہر کرتے ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں میں ہمدردی کی بنیاد پر تقرری کے احکامات جموں و کشمیر پولیس کے چار سیکورٹی اہلکاروں کے لواحقین کو سونپے جو مختلف دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہوئے تھے۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ موجود تھے۔ امت شاہ نے بعد میں شہید سیکورٹی اہلکاروں کے رشتہ داروں سے بات چیت کی۔ ان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کے ان بہادر سیکورٹی اہلکاروں کی ہمت اور عزم پر پوری قوم کو فخر ہے۔وزیر داخلہ نے متعدد مواقع پر اور متعدد فورمز پر جموں و کشمیر میں امن کی بحالی اور جموں و کشمیر پولیس کے کردار کی تعریف کی ہے۔
وہیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج صبح جموں میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 83 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ پریڈ میں شرکت کی۔ یہ پہلا موقع ہے جب سی آر پی ایف کی جانب سے یوم تاسیس کے موقع پر قومی دارالحکومت کے باہر تقریب منعقد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امرناتھ یاترا اور مجوزہ اسمبلی انتخابات سے قبل سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
Amit Shah Reaches Jammu: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں پہنچ گئے
پچھلے پانچ ماہ کے دوران شاہ کا یہ دوسرا جموں دورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے جموں و کشمیر کا پانچ روزہ دورہ کیا تھا۔
سی آر پی ایف کے یوم تاسیس کے موقع پر تقریب منعقد کی جاتی ہے جبکہ 1950 میں اس وقت کے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے سی آر پی ایف ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد سی آر پی ایف کو رنگ پیش کیا تھا اور اس فورس سی آر پی ایف سے موسوم کیا گیا تھا۔