جے پور میں شیروں کی ہلاکت کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ رنتھمبور نیشنل پارک میں پیر کو ایک ٹی 25 شیر کی موت ہوگئی، جس کا این ٹی سی اے پروٹوکول کے مطابق پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شیر کی موت کی وجہ دماغی چوٹ سمجھی گئی ہے۔ وہیں شیر کے سر پر دانتوں کے نشانات پائے گئے ہیں۔
ٹائگر ٹی 25 کا باقی جسم بالکل ٹھیک ہے اس شیر کی عمر تقریبا 15 سے 16 سال بتائی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے ٹی 25 کی موت پر ٹوئٹر پر اپنے غم کا اظہار کیا اور کہا کہ 'یہ انتہائی افسوسناک خبر ہے۔ رنتھمبور کا مشہور شیر ٹی 25 اب نہیں ہے۔ یہ شیر ہی تھا جس نے دو یتیم بچوں کی دیکھ بھال کی۔
شیر کی ہلاکت کے بعد وزیر جنگلات و ماحولیات سُکھ رام بشنوئی نے بھی اس پر غم کا اظہار کیا ہے۔ سُکھ رام بشنوئی نے کہا ہے کہ 'ٹائگر ٹی 25 کی رخصتی ہمارے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ وزیر نے کہا کہ ٹی 25 نے فطرت سے بالکل الگ کام کیا ہے اور اپنے دو چھوٹے بچوں کو خود بھی پالا ہے'۔
وزیر نے بتایا کہ شیر کے دونوں بچے تقریبا 4 ماہ کے تھے، تب ان کی ماں (شیرنی) ٹی-5 کی ماں انفیکشن کے باعث فوت ہوگئی تھی۔
وزیر نے کہا کہ بعد میں ٹی-25 نے ان بچوں کی پرورش کی، جس نے ماں کا کردار ادا کیا، جبکہ شیر کے معاملے میں یہ شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔ وزیر نے کہا کہ اگرچہ ٹی 25 اپنے جارحانہ رویے کے لیے جانا جاتا تھا، لیکن ٹی 25 کا رخصت ہونا رنتھمبور نیشنل پارک کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔