مشہور ٹی وی سیریل ہدایت کار ایکتا کپور کی حالیہ ٹریپل ایکس ٹو ویب سیریز تنازعات سے گھر گئی ہے۔ بی جے پی رہنما آنچل آوانا نے ویب سیریز ڈائریکٹر ایکتا کپور کے خلاف جئے پور کے بھٹہ بستی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔
اوانا نے الزام لگایا کہ اس ویب سیریز کو فوجی خاندان کی خواتین کے کردار پر غلط طریقے سے فلمایا گیا ہے جس کی وجہ سے معاشرے کے تمام طبقات میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
آنچل آوانا نے یہ شکایت ایڈوکیٹ ارجن راجپوروہت کے ذریعہ درج کرایا ہے۔ ان کے بقول ایکتا کپور نے اپنی ویب سیریز میں جس طرح سے فوجی گھرانوں کی خواتین کے تناظر میں غیر مہذبانہ اور غیر اخلاقی تبصرہ کیا ہے اس سے معاشرے کے مختلف طبقات میں مذکورہ خاندانوں میں نفرت کا احساس پیدا ہوا ہے۔
ان کے مطابق اس ویب سیریز میں فوجی کی بیوی کو غیر اخلاقی عورت کے طور پر پیش کیا ہے اور فوجی کی وردی کو پھاڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ایسی صورتحال میں مذکورہ بالا سین نہ صرف فوجی خاندان بلکہ ملک کے خواتین کی روح اور وقار کے خلاف ہے۔
آنچل آوانا جو بی جے پی رہنما ہیں اور خود ایک فوجی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے شوہر بھی فوج میں شامل ہیں۔
آوانا کے مطابق اس طرح کی فلم بندی سے وہ اور معاشرے کے مختلف طبقات اور خواتین کو صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں بھٹہ بستی پولیس نے جلد مناسب کارروائی کا یقین دلایا ہے۔