راجستھان کے دارالحکومت جےپور میں آج مدرسہ پیرا ٹیچرز کی جانب سے راجستھان حکومت میں اقلیتی وزیر صالح محمد کو وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کے نام ایک میمورنڈم سونپا گیا۔ میمورنڈم کے ذریعے مدرسہ پیرا ٹیچر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں پرماننٹ ٹیچر کے طور پر بحال کیا جائے۔
اس سلسلے میں مدرسہ پیرا ٹیچرز تنظیم کے ریاستی صدر سید مسعود اختر نے بتایا کہ 'ہم پیرا ٹیچرز ایک طویل عرصے سے پرماننٹ ٹیچر کے طور پر بحال کرنے کے لیے حکومت سے مطالبہ کر رہیں۔ لیکن حکومت پیرا ٹیچرز کے مطالبے کو درکنار کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری انتخابی منشور میں پیرا ٹیچرز کو پرماننٹ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم گہلوت سرکار کو اقتدار میں آئے ڈھائی برس سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن ان تک پرماننٹ نہیں کیا گیا۔
- مزید پڑھیں:راجستھان حج کمیٹی کی تشکیل نو میں تاخیر
سید مسعود اختر نے بتایا کہ پیرا ٹیچرز اپنے مطالبات کو لے کر کئی مرتبہ احتجاج کرچکے ہیں۔ لیکن حکومت توجہ نہیں دے رہی ہے، اب ہم لوگوں کو وعدہ نہیں چاہیے کام چاہیے، اب اگر ریاستی حکومت مطالبات کی جانب توجہ نہیں دیتی ہے تو پیرا ٹیچرز اقلیتی وزیر صالح محمد کی رہائش گاہ کے باہر غیر معینہ دھرنا دیں گے۔