ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں واقع شہید اسمارک پر 15 اکٹوبر سے مدرسہ پیرا ٹیچر، راجیو گاندھی پیرا ٹیچر اور شکشاکرمیوں کی جانب سے مستقل کرنے کے مطالبہ کو لے کر جاری غیر معینہ دھرنا سترھویں روز سنیچر کو بھی جاری رہا۔
سترھویں روز سنیچر کو دھرنے کی خاص بات یہ رہی کہ یہاں پر قرآن خوانی اور ہون کا اہتمام کیا گیا، قرآن خوانی میں مسلم مظاہرین نے شرکت کی جب کہ ہون میں ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے شرکت کی، اس طرح احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے راجستھان حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ ہم لوگ جے پور کے شہید اسمارک پر 15 اکٹوبر سے غیرمعینہ دھرنا دے رہے ہیں لیکن ہم لوگوں کی جانب آپ توجہ نہیں دے رہے ہو، اس لئے روزانہ الگ الگ طرح سے ہم لوگ احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لیے مجبور ہیں۔
مظاہرین نے ای ٹی وی بھارت اردو سے خاص بات چیت کے دوران کہا کہ ہم لوگوں نے نوکری مستقل کرنے کے مطالبہ کو لے کر غیر معینہ دھرنے کا آغاز کیا تھا جس کے بعد جب ہم لوگوں کے مطالبات پر کسی طرح سے کوئی توجہ نہیں دی گئی تو ہمارے ساتھیوں نے یہاں پر انشن کا اعلان کیا۔ جب بھی کسی طرح سے کوئی سنوانی نہیں ہوئی تو ہم لوگوں نے مہا پڑاؤ کا اعلان کردیا تھا۔
اس درمیان حکومت نے ہم لوگوں کو بات چیت کے لیے بھی بلایا لیکن ہمارا جو مطالبہ ہے اس مطالبے پر کسی طرح سے کوئی مفاہمت نہیں ہوسکی اس لئے ہم لوگ ہمارا جو احتجاجی مظاہرہ ہے وہ اسی طرح سے آگے بھی جاری رکھیں گے۔