راجستھان کے 21 اضلاع کے 636 ضلع کونسل ارکان اور 4371 پنچایت کمیٹیوں کے ارکان کے لئے چار مرحلوں میں ہوئے انتخابات کی گنتی آج سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ضلع ہیڈ کوارٹر پر صبح 9 بجے شروع ہوگئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق 21 ضلع ہیڈ کوارٹروں پر گنتی شروع ہوگئی ہے۔ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرائے جانے سے نتائج جلد آنے کا امکان ہے۔
چار مرحلوں میں ہوئے انتخابات میں 636 ضلع کونسل ارکان کے لئے 1778 امیدوار اور 4371 پنچایت کمیٹی ارکان کے لئے 12663 امیدواروں کی قمست کا فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ ضلع کونسل اور پنچایت کمیٹی ارکان کے لئے چار مرحلوں میں 23 نومبر، 27 نومبر، یکم دسمبر اور پانچ دسمبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔
گنتی کے بعد پردھان اور مکھیا کا انتخاب 10 دسمبر اور نائب پردھان یا نائب مکھیا کا 11 دسمبر کو انتخاب ہوگا۔
(یو این آئی)