راجستھان میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے ریاستی ترجمان لکشمی کانت واجپیئی نے جے پور کے اشوک نگر تھانہ میں آج کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا، ریاستی صدر گوند سنگھ ڈوٹاسرا، حکومت کے چیف وہپ مہیش جوشی اور وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے افسر لوکیش شرما کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی آر میں الزام لگایا ہے کہ یہ لوگ بی جے پی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے مسلسل جھوٹی اور اشتعال انگیز تقاریر کر رہے ہیں۔ گہلوت نے رہائش گاہ سے سازش رچ کر فرضی افراد کی آواز کو رفل کر کے بی جے پی کے سینئر رہنماؤں کی آواز بتا کر کروڑوں روپے کی خرید و فروخت کی غلط بیانی کی گئی ہے۔
اس عمل کو لوکیش شرما جو خود کو وزیراعلیٰ کا خصوصی افسر بتاتا ہے، کے ذریعہ انجام دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ جعل سازی کر کے بی جے پی کے سینئر رہنما گجندر سنگھ شیخاوات اور دیگر افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تینوں ٹیپوں کو لوکیش شرما نے واٹس ایپ سے تمام میڈیا پرسن کو بھیجا۔
قابل ذکر ہے کہ 17 جولائی کو سورجے والا سمیت کانگریس کے تینوں مزکورہ رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں عوامی طور پر بی جے پی پر مبینہ خرید و فروخت سے متعلق ٹیپ جاری کیا اور اسے بنیاد بنا کر کہا کہ بی جے پی نے جمہورت کو نقصان، عوامی رائے کو اغوا اورحکومت کو گرانے کی سازش کی ہے۔