راجستھان میں سیاسی بحران جاری ہے۔ سچن پائلٹ کے پارٹی کی اہم ترین میٹنگ میں شامل نہ ہونے کے پیغام کے بعد راجستھان ریاستی کانگریس کے انچارج اویناش پانڈے، کانگریس کے سینیئر رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا اور اجے ماکن سیاسی ہنگامہ آرائی کے درمیان جے پور پہنچ گئے ہیں۔ تینوں رہنما جے پور ایئر پورٹ سے براہ راست سی ایم کی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوگئے۔
راجستھان کانگریس کے انچارج اویناش پانڈے نے کہا کہ وزیراعلی اور اراکین اسمبلی سے ملاقات کے بعد ہی کچھ بھی کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سچن پائلٹ دہلی میں ہیں یہ بات انہیں معلوم نہیں ہے۔
جےپور ایئرپورٹ پہنچے رندیپ سورجےوالا نے سچن پائلٹ کے تعلق سے کچھ بھی بولنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس حکومت راجستھان کے عوام کی خدمت کرتی رہے گی اور یہ حکومت اپنی میعاد مکمل کرے گی۔ اس دوران اجے ماکن نے کیمرے پر کچھ بھی بولنے سے انکار کر دیا۔