ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں واقع راجستھان کی سب سے بڑی یونیورسٹی راجستھان یونیورسٹی ان دنوں احتجاج کا مرکز بنی ہوئی ہے کیونکہ یونیورسٹی میں بی جے پی کی اسٹوڈنس ونگ اے بی وی پی اور کانگریس کی اسٹوڈنس ونگ این ایس یو آئی ایک دوسرے کے سامنے ہی احتجاج کر رہی ہے۔
اے بی وی پی کے کارکنان کا کہنا ہے کہ ہم لوگ اپنے چند اہم مطالبات کو لے کر یونیورسٹی میں غیر معینہ احتجاج کر رہے تھے جبکہ این ایس یو آئی کے کارکنان کی جانب سے ہم لوگوں پر حملہ کیا گیا جس میں ہمارے چند ساتھی زخمی ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم کسی بھی چیز سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور ہم لوگ قربانی دینے سے خوف نہیں کھاتے ہیں، اس لیے ہم این ایس یو آئی کے کارکنان سے بھی نہیں ڈرتے ہیں۔'
وہیں دوسری جانب این ایس یو آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اے بی وی پی کے لوگ یونیورسٹی کے صدر دروازے پر ہی احتجاج کررہے ہیں جس کی وجہ سے دیگر طلبا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے بی وی پی کے لوگ جامعہ، دہلی اور جے این یو جیسی دیگر یونیورسٹیز کو برباد کرنے کے بعد اب راجستھان یونیورسٹی کو بد نام کرنا چاہتے ہیں، اس لیے ہم لوگ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
اس دوران کسی طرح سے کوئی ماحول خراب نہ ہو جس کے لیے کثیر تعداد میں پولیس کے جوان بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔