تلنگانہ بی جے پی نے ریاستی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انٹرنل مارکس کی بنیاد پر دسویں جماعت کے طلبہ کو بغیر امتحانات منعقد کرے کامیاب قرار دے کیونکہ حکومت کورونا پر قابو پانے میں مصروف ہے۔
ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بی جے پی کے رکن کونسل و صدر گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن این رامچندرراو نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اس صورتحال کی وجہ سے دسویں جماعت کے طلبہ اور ان کے والدین پریشان ہیں۔
ٹی آرایس حکومت کو چاہئے کہ وہ پنجاب حکومت جیسا اقدام کرے جس نے بغیر امتحانات منعقد کئے دسویں جماعت کے تمام طلبہ کو پروموٹ کردیا ہے۔
ریاست بھرمیں دسویں جماعت کے امتحانات ملتوی کرنے حکومت کے فیصلہ کا استقبال کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن کونسل نے کہاکہ دسویں جماعت کے طلبہ کے والدین نے اُس وقت راحت کی سانس لی جب ریاستی حکومت نے امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہاکہ طلبہ کافی تناو برداشت نہیں کرسکتے اور وہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں ذہنی طورپر امتحانات تحریرکرنے تیار نہیں ہے۔
بی جے پی لیڈر نے حکومت سے خواہش کی کہ وہ انٹرنل نشانات کی بنیاد پر دسویں جماعت کے طلبہ کو پروموٹ کرنے پرغور کرے۔