ورنگل کی ریجنل لائبریری کی عمارت کو نئی شکل دی گئی ہے۔ باہر سے لائبریری کی عمارت ’کتابوں کی الماری‘ کے مانند دکھائی دیتی ہے جبکہ ایک لڑکی کو دلچسپی سے کتاب پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نہ صرف عمارت کے باہری حصہ کی تزئین و آرائش کی گئی بلکہ لائبریری کے اندرونی حصہ کو بھی رنگ و روغن کرکے خوبصورت بنایا گیا۔ چھت کی مرمت کی گئی، نیا فرنیچر تیار کیا اور اسمارٹ سٹی مشن کے تحت بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی عمل میں لائی گئی۔
ورنگل میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیے گئے کام کی تعریف کرتے ہوئے ریاستی وزیر کے تارک راما راؤ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ کے ٹی آر نے ورنگل کی ریجنل لائبریری کو نئی اور خوبصورت شکل دینے پر کارپوریشن کی سراہنا کی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’ورنگل لائبریری کی نئی شکل کو پسند کیا جارہا ہے۔ اس کام کےلیے ورنگل میونسپل کارپوریشن کی پوری ٹیم کو اپنی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔