ٹوئیٹر پر سرگرم اروند کمار نے کہا کہ ہر اتوار کو اس علاقہ میں بھارتی فوج کے بینڈ، آرٹس اینڈ کرافٹس اسٹالس، شلپارامم کے صناع کاروں کے پروڈکٹس کی فروخت، فوڈ ٹرکس، ٹسکو ہینڈلوم اسٹالس کا انتظام کیاجارہا ہے۔ انہوں نے اس خصوص میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے مفت پودے بھی تقسیم کئے جارہے ہیں اور لیزر شو کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حیدرآباد: ٹینک بنڈ پر ہر اتوار کو ٹریفک پابندی
واضح رہے کہ ہر اتوار کو ٹینک بنڈ علاقہ میں ٹریفک کے رخ کو موڑتے ہوئے یہاں پر عوام کے لئے تفریح کا انتظام کیا جارہا ہے۔گذشتہ دو ہفتوں سے ٹینک بنڈ پر عوام کی تفریح کیلئے انتظامات ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جارہے ہیں جس پر عوام کا کافی بہتر ردعمل مل رہا ہے۔ اس علاقہ میں ہر اتوار کی شام ٹریفک تحدیدات عائد کی جارہی ہیں تاکہ تفریح کی غرض سے یہاں آنے والوں کو سہولت فراہم ہو سکے۔ ہر اتوار کی شام ٹینک بنڈ کی دونوں جانب دو سو میٹر کے اندر کا علاقہ پارکنگ لئے الاٹ کیاجارہا ہے، ایک شہری کی جانب سے ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق کے تارک راما راو کو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ٹینک بنڈ کے پاس گاڑیوں کی پارکنگ کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس پر انہوں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پولیس عہدیداروں کو اس سلسلے میں اقدامات کا مشورہ دیا تھا۔
یو این آئی