محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ آئندہ تین دنوں کے دوران تلنگانہ کے بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مشرقی گوداوری، مغربی گوداوری، یانم اور ساحلی اے پی میں بارش ہوگی۔ ساتھ ہی 23 اکتوبر کو بھی ان علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران اے پی کے کرنول میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آئندہ پانچ دنوں کے دوران تلنگانہ کے بعض مقامات، جنوبی ساحلی اے پی، یانم، جنوبی ساحلی اے پی اور رائل سیما میں بھی بارش کا امکان ہے۔
اس بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ، ساحلی اے پی،یانم اور رائل سیما میں آئندہ پانچ دنوں کے دوران ہلکی تا اوسط یا پھر گرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جنوب مغرب مانسون ساحلی اے پی،یانم اور رائل سیما میں سرگرم ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ کچھ دنوں میں محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں بارش نے گزشتہ سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ اس طرح کی بارش شہر میں 1903 میں ہوئی تھی۔ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے سبب نشیبی علاقوں میں ابھی بھی پانی جمع ہے اور 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سڑکیں زیر آب ہیں و مختلف علاقوں میں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔
تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں سیلاب سے ہوئی زبردست تباہی سے نمٹنے اور بچاؤ اور راحت کے کاموں کے لئے 550 کروڑ روپئے جاری کیے ہیں۔
حیدرآباد میں شدید بارش سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے گریٹر حیدرآباد حدود کے ارکان اسمبلی، ارکان کونسل اور ارکان پارلیمنٹ آگے آئے جنہوں نے اپنی دو ماہ کی تنخواہ وزیراعلی کے ریلیف فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔