کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے کیے جارہے احتیاطی تدابیر میں نماز جمعہ مساجد میں ادا نہیں کرنے کی علماء کی اپیل کو عوام نے مانا۔ لوگوں نےگھروں میں ظہر ادا کی۔
علماء مسلسل کچھ روز سے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے نماز کیلئے مساجد میں اکٹھا نہ ہونے کی اپیل کر رہے تھے اور کل جمعرات کے روز مختلف مسلک کے علما نے جمعہ کی نماز گھر پر ادا کرنے کی تاکید کی۔
جنوبی ہند کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ کے دارالافتاء نے مفتیان کرام کی متفقہ رائے کے بعد عوام سے باجماعت نماز جمعہ سے گریز کرنے اور گھر میں ظہر ادا کرنے کا فتوی بھی جاری کیا تھا۔
مکہ مسجد اور شہر کی دیگر تاریخی مساجد میں بھی محدود تعداد میں جمعہ ادا کی گئی۔ مکہ مسجد میں صرف مسجد انتظامیہ پولیس اور میڈیا کے چند افراد نے نماز ادا کی۔
مکہ مسجد کی تاریخ کا یہ پہلا جمعہ تھا جس میں نماز جمعہ کے موقع پر بمشکل ایک صف موجود تھی۔