شہر حیدرآباد کے راجندر نگر علاقے میں دوبارہ پھر تیندوا نظر آیا۔تیندوے کی آنکھ مچولی کا کھیل تقریبا ایک ماہ سے جاری ہے اور تاحال اس کو محکمہ جنگلات و نہرو زولوجیکل پارک کے عہدیدار پکڑنے سے قاصر ہیں۔
علاقے میں گھنی جھاڑیاں ہونے کے سبب اس کو چھپنے میں آسانی ہورہی ہے اور یہ تیندوا کچھ ہی لمحوں بعد غائب ہورہا ہے۔
راجندر نگر کے پروفیسر جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ زرعی یونیورسٹی علاقے کے ایک مکان کے قریب یہ تیندوا نظر آیا۔اس کی ویڈیو وہاں لگے سی سی ٹی کیمرے میں قید ہوگئی۔
اس ویڈیو میں صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح تیندوا مکان کی کھڑکی کے باہر ٹہرا ہوا ہے اور وہ اندر دیکھنے کی کوشش کررہا ہے۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد علاقے کے لوگوں میں سنسنی پھیل گئی جو پہلے ہی سے اس تیندوے کی وجہ سے کافی خوفزدہ ہیں۔مقامی افراد نے اس بات کی اطلاع یونیورسٹی کے عہدیداروں کو دی اور اس تیندوے کو پکڑوانے کی بات کی۔