گزشتہ رات سے لوگ چھتوں پر قیام کررہے ہیں۔ کئی علاقوں میں گاڑیاں پانی کے بہاؤ کی وجہہ سے لا پتہ ہوگئی ہیں۔مصیبت کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں بشمول ٹولی چوکی ندیم کالونی، گولکنڈہ، الجبیل کالونی،چندرائن گٹہ، ہاشم آباد شاہین نگر، رائل کالونی بالا پور، یاقوت پورہ، ملک پیٹ، سکندرآباد، بہادرپورہ، فلک نما، خلوت، نامپلی، لنگم پلی، پٹن چیرو، عنبر پیٹ کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر راحت کا کام انجام دیا جا رہا ہے۔
ان علاقوں میں ذمہ داران جماعت اسلامی اورایس آئی او کے نوجوان بلا لحاظ مذہب و ملت متاثرین کی امداد کا کام انجام دے رہے ہیں۔ ناظم شہر حافظ محمد رشاد الدین نے شہر کے سکر یٹریز جناب محمد منیر الدین اور جناب احمد جنید سبحانی کے ہمراہ نئے شہر میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ مرزا محمد اعظم علی بیگ سٹی سکریٹری نے پرانے شہر کے علاقوں کا دورہ کیا اور جماعت اسلامی ہند کی جانب کے راحت کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متاثرین کی امداد کے لئے حکومت کو بھی متوجہ کیا۔
جماعت کی جانب سے مختلف علاقوں میں غذائی پیکٹس‘ پینے کا صاف پانی اور ایمرجنسی کٹس تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ ٹولی چوکی‘ ندیم کالونی اور دیگر شدید متاثرہ علاقوں میں کشتیوں کے ذریعہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔چونکہ بہت بڑے پیمانے پر لوگ متاثر ہوئے ہیں اور فی الفور ان تک راحت پہنچانا بے حد ضروری ہے۔عامتہ المسلمین سے ریلیف ورک میں تعاون کی درخواست ہے۔مزید تفصیلات کے لئے موبائل نمبر8712313740 یا جماعت اسلامی شہر حیدرآباد کے مقامی دفاتر پر ربط کیا جاسکتا ہے۔